پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی
پاکستان میں ذوالحج 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں عید الاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو ہوگی جب کہ سعودی عرب اور پاکستان میں ایک ہی دن عید منائی جائے گی۔
ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کراچی میں ہوا، میٹ آفس میں ہونے والے اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین شریک ہوئے۔
اسی طرح زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں ہوئے۔
اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ذی الحج 1447 ہجری کا کا چاند نظر آگیا ہے اور کل بروز پیر پاکستان میں یکم ذی الحج ہوگی اور عید الاضحیٰ بدھ 27 مئی کو ہوگی۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں مولاعبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ذی الحج کا چاند نظرآنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، زونل کمیٹیوں سے رابطے میں ہیں، چاند سے متعلق ابھی تک شہادتیں موصول نہیں ہوئیں، چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہونے پر عید سے متعلق اعلان کریں گے، کراچی میں مطلع صاف ہے اور چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، اللہ نے چاہا تو ذوالحج کے چاند کا اعلان کردیں گے۔
عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی، سپارکو کی پیشگوئی
یاد رہے کہ ذوالحج 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اپنی پیشگوئی میں کہا تھا کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پیدا ہونے کی توقع ہے۔
سپارکو کے مطابق 17 مئی 2026 کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔ سپارکو نے بتایا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔
سپارکو کے مطابق ان فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر 17 مئی 2026 کی شام ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے امکانات موافق تصور کیے جا رہے ہیں بشرطیکہ موسم صاف ہو اور افق کے قریب حد نگاہ بہتر ہو۔ سپارکو کے مطابق یکم ذوالحجہ 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 متوقع ہے، جو ماہ ذوالقعدہ کے اختتام کی علامت ہوگی۔
سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی، سپارکو کے مطابق ذوالحج کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کے بارے میں حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
سپارکو نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔
چاند نظر آنے کی تصدیق
دوسری جانب سعودی عرب میں بھی ذوالحج کا چاند نظر آگیا، سعودی سپریم کورٹ نے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر کو ہوگی اور مناسک حج کا رکن اعظم 26 مئی بروز منگل کو ادا کیا جائے گا جب کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو ادا کی جائے گی۔
علاوہ ازیں دو اسلامی ممالک تیونس اور ترکیہ میں اسلامی مہینے ذوالحج کے چاند نظر آنے کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک نے عید الاضحیٰ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
تیونس ذوالحج کے آغاز کا اعلان کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے، ملک میں ہفتہ 16 مئی کو ذوالقعدہ کی 29 تاریخ قرار دی گئی اور چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد یکم ذوالحج پیر 18 مئی کو مقرر کی گئی ہے۔
ترکیہ نے بھی پیر 18 مئی کو یکم ذوالحج قرار دیا ہے جب کہ ترکیہ میں روایتی رویت ہلال کے بجائے فلکیاتی حسابات پر مبنی پیشگی تیار کردہ اسلامی کیلنڈر پر عمل کیا جاتا ہے، جس کی بنیاد پر یہ تاریخ طے کی گئی۔ دونوں ممالک میں عید الاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسی طرح انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی ذوالحج کا چاند نظر آگیا، جس کے بعد دونوں ملکوں میں عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی جب کہ بھارت میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، بھارت میں عیدالاضحیٰ 28 مئی جمعرات کو منائی جائے گی۔













