پنکی کے تانے بانے ملزم ارمغان سے ملنے لگے، تفتیش میں بڑے منشیات نیٹ ورک کا انکشاف
کراچی میں کوکین نیٹ ورک سے متعلق جاری تحقیقات نے نیا موڑ اختیار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس اور ڈی ایس پی کی شہادت کیس میں گرفتار ملزم ارمغان سے کی جانے والی تفتیش کے دوران ایک بڑے منشیات نیٹ ورک سے متعلق اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کے دوران مبینہ طور پر معروف اداکار کے بیٹے ساحر حسن کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ اسی تفتیش کے دوران بیرون ملک سے کوکین اسمگل کرنے والے ملزم فرحان عرف فیضی تک بھی رسائی حاصل کی گئی تھی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس 6 مارچ کو ہونے والی تحقیقات میں انمول عرف پنکی کا نام بھی منشیات فروش گروہ کے اہم کردار کے طور پر سامنے آیا تھا، جبکہ حالیہ تفتیش میں ایک بار پھر ملزم ارمغان سے پوچھ گچھ کے دوران فرحان عرف فیضی کا نام دوبارہ سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فرحان عرف فیضی کو اس سے قبل اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے گرفتار کیا تھا تاہم بعدازاں مبینہ طور پر اسے بغیر جسمانی ریمانڈ جیل کسٹڈی میں بھیج دیا گیا اور اب وہ ضمانت پر رہا ہے۔
مزید دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فرحان عرف فیضی اس وقت کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے میں مبینہ طور پر اپنا نیٹ ورک دوبارہ فعال کر رہا ہے، جبکہ شہر میں کوکین کی فی گرام قیمت 22 ہزار روپے تک پہنچنے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مبینہ منشیات نیٹ ورک اور اس سے جڑی کارروائیوں کے حوالے سے کئی سوالات اب بھی جواب طلب ہیں، جن پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔















