شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں ایک کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ہیں، گزشتہ 48 گھنٹوں میں ان آپریشنز کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانوں کونشانہ بنا کرتباہ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارت کی سرپرستی میں قائم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ قومی ایکشن پلان کی وفاقی اپیکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ”عزمِ استحکام“ کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
بنوں میں انتہائی 2 مطلوب رنگ لیڈر سمیت 16 دہشت گرد ہلاک
دوسری جانب بنوں میں پاک فوج، خیبرپختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 2 اہم ترین خوارجی سرغنوں سمیت 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج ، پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی ادارے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز پوری شدت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں، گزشتہ روز بنوں کے علاقے میریان میں پاک فوج، سی ٹی ڈی اور پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، آپریشن کے دوران 2 اہم ترین خوارجی سرغنوں سمیت 16 خوارجی جہنم واصل کردیے گئے۔ آپریشن کے دوران علاقے میں خوف ودہشت پھیلانے والا خوارجی سرغنہ زمری نوراورافغان خوارجی سرغنہ عبداللہ سعید کو آپریشن کے دوران جہنم واصل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انتہائی کٹھن آپریشن میں پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی نے خوارج کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیے۔
آپریشن کے دوران پولیس کے 2 اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا، آپریشن میں شہید کانسٹیبل وحید اللہ خان اورنوراللہ خان کی نمازِجنازہ پولیس لائنزبنوں میں سرکاری اعزازکے ساتھ ادا کی گئی۔
نمازِجنازہ میں اعلیٰ سول وعسکری حکام،علاقہ عمائدین اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بدستور مشترکہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور آخری خوارجی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
















