بشریٰ انصاری کی کپل شرما شو پر تنقید کی اصل وجہ کیا ہے؟

سینئر اداکارہ نے خواتین اور ٹرانسجینڈر کرداروں کو مذاق بنانے کے رجحان پر سوال اٹھا دیا
شائع 31 مئ 2026 08:19pm

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھارتی کامیڈین کپل شرما کے مشہور کامیڈی شو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین یا ٹرانسجینڈر کا روپ دھار کر لوگوں کو ہنسانا اب انہیں ناگوار گزرنے لگا ہے۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران مختلف سماجی اور تفریحی موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ اسی دوران انہوں نے بھارتی کامیڈی شوز، خصوصاً کپل شرما شو کے اندازِ مزاح پر سوالات اٹھائے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات پر اعتراض ہے کہ اکثر کامیڈی پروگراموں میں مرد اداکار خواتین یا ٹرانسجینڈر کردار اختیار کرکے مزاح پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ”یہ ایک دو بار ہو تو سمجھ آتی ہے، لیکن مسلسل اسی قسم کی کامیڈی دکھائی جائے تو اب چڑ محسوس ہونے لگتی ہے۔“

بشریٰ انصاری نے سوال اٹھایا کہ کیا عورت یا ٹرانسجینڈر کا روپ دھار کر غیر سنجیدہ یا بے ہودہ انداز میں گفتگو کرنا واقعی کامیڈی کہلا سکتی ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کردار کو سنجیدگی کے ساتھ نبھایا جائے تو بات مختلف ہوتی ہے، تاہم صرف ہنسانے کے لیے مخصوص انداز اپنانا مناسب نہیں لگتا۔

سینئر اداکارہ نے اپنی گفتگو میں یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ اگر اداکارائیں یا اداکار بار بار مخالف جنس کا روپ دھار کر غیر سنجیدہ مذاق کریں تو یہ بھی سوچنے کی بات ہے کہ آیا اسے معیاری کامیڈی کہا جا سکتا ہے یا نہیں۔

بشریٰ انصاری کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ بعض صارفین نے ان کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کامیڈی شوز کے موجودہ رجحان پر تنقید کی، جبکہ کچھ افراد نے اسے صرف ذاتی پسند اور ناپسند قرار دیا۔