اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات شروع، دعائے خیر کی خوبصورت تصاویر وائرل

مومنہ اقبال کو شادی سے قبل شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
شائع 31 مئ 2026 10:04am

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ’دعائے خیر‘ کی پروقار تقریب سے ہو گیا ہے، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز منعقد ہونے والی اس نجی تقریب میں صرف قریبی رشتے داروں اور خاص دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

اس موقع پر مومنہ اقبال نے سنہرے اور ہلکے گلابی (ٹی پنک) رنگ کا نہایت خوبصورت غرارہ زیب تن کیا جس پر دبکے کا نفیس کام کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ان کے شوہر حمزہ حبیب بھی اہلیہ کے لباس کی مناسبت سے ہلکے گلابی رنگ کے شلوار قمیض کے ساتھ واسکٹ میں انتہائی وجیہہ دکھائی دیے۔

سوشل میڈیا پر اس تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

تصاویرمیں اس نوبیاہتا جوڑے کو اپنی نئی زندگی کے آغاز پر خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ہفتے کو دعائے خیر کے انعقاد کے بعد آج سے شادی کے دیگر فنکشنز کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ اس جوڑے نے چند روز قبل ہی انتہائی سادگی اور خاموشی سے نکاح کر لیا تھا۔

مومنہ اقبال کی شادی کے ان لمحات سے قبل انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

حال ہی میں اداکارہ نے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے پولیس میں درخواست دائر کی تھی۔

ان کا الزام تھا کہ مذکورہ ایم پی اے انہیں شادی کے لیے زبردستی ہراساں کر رہے ہیں اور قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

جواب میں ثاقب چدھڑ کی جانب سے بھی مومنہ کے شوہر حمزہ حبیب پر دھمکیاں دینے کا ایک مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔ تاہم، ان تمام مشکلات اور قانونی کشمکش کے باوجود، مومنہ اور حمزہ نے اپنے رشتے کو مضبوط بناتے ہوئے اپنی نئی اور خوشگوار زندگی کا آغاز کر دیا ہے۔