سونا سستا ہونے کا سلسلہ تھم گیا، قیمتوں میں آج پھر اضافہ

بین الاقوامی سطح پر فی اونس سونا 28 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد 4 ہزار 326 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا
اپ ڈیٹ 09 جون 2026 04:03pm

ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا نئی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 830 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 55 ہزار 63 روپے کا ہو گیا ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 547 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 89 ہزار 534 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر فی اونس سونا 28 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد 4 ہزار 326 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔

ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوتے ہیں، جس کے باعث بین الاقوامی نرخوں میں اضافے کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد سرمایہ کاروں اور خریداروں کی توجہ ایک بار پھر قیمتی دھات کی جانب مرکوز ہو گئی ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز سونے کے فی تولہ نرخ میں 3094 کی کمی ہوئی تھی اس طرح تین دن میں سونے کی قیمت میں 17052 کی کمی ہوئی تھی۔

جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 785 روپے کی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 86 ہزار 987 روپے کا ہو گیا تھا۔