لکی مروت میں پولیس پارٹی پر بم حملہ، ایک اہلکار زخمی

بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا
اپ ڈیٹ 12 جون 2026 01:29pm

لکی مروت میں تھانہ غزنی خیل کی پولیس پارٹی پر دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے حملے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار معمولی زخمی ہوگیا جبکہ دیگر اہلکار محفوظ رہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق لکی مروت میں تھانہ غزنی خیل کی پولیس پارٹی کو آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ پولیس پارٹی معمول کے گشت پر تھی کہ غزنی خیل اڈہ کے قریب فتنہ الخوارج نے بزدلانہ حملے کی کوشش کی۔

ترجمان کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والا بارودی مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا۔

حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا جبکہ دیگر اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔