آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں پولنگ کے لیے دیا گیا اضافی ایک گھنٹے کا وقت بھی ختم ہوگیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا، جس کے بعد غیر معمولی ٹرن آؤٹ کے باعث پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی ہدایت پر میرپور ڈویژن میں پولنگ شام 6 بجے تک جاری رہی جب کہ پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔
پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کر دیے گئے، جہاں اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے جب کہ غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان 7:30 بجے کے بعد کیا جائے گا۔

قبل ازیں میر پور ڈویژن کے 13 حلقوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے میر پور ڈویژن میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔ جن میں ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 جب کہ ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔

اس انتخابی معرکے میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
عام انتخابات کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے خطے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جہاں پاک فوج کے دستوں اور پولیس سمیت 19 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دیے۔
بھمبر کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی
آزاد کشمیر میں پولنگ کے دوران بھمبر کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ روکنا پڑگئی، حلقہ ایل اے 6 سماہنی بھمبر 2 کے بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی اچانک پرتشدد تصادم میں تبدیل ہوگئی جب کہ مشتعل کارکنوں نے پولنگ اسٹیشن کو میدانِ جنگ بنا دیا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) بھمبر کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے بیلٹ باکس چھین کر آگ لگا دی، جس بیلٹ باکس کو آگ لگائی گئی اس میں 232 ووٹ موجود تھے، جو شعلوں کی نذر ہو گئے، ایک پولنگ اسٹیشن کے علاوہ حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر صورتِ حال معمول کے مطابق رہی، ڈی آر او کے مطابق پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ ووٹنگ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران کوٹلی کے علاقے نکیال میں فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق جب کہ 3 افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤن نے حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال میں کارکن مختار یونس کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
کوٹلی میں 2 پریزائیڈنگ افسران گرفتار
اس کے علاوہ انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن بھی دیکھنے میں آیا ہے۔ کوٹلی میں 2 پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن جانے کے بجائے انتخابی سامان کے بیگز لے کر ایک نجی رہائش گاہ پہنچ گئے تھے، جس پر انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا اور انتخابی سامان تحویل میں لے لیا۔
اس واقعے کے فوراً بعد نئے پریزائیڈنگ افسران کو تعینات کر کے پولنگ اسٹیشنز پر روانہ کر دیا گیا تاکہ ووٹنگ کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
انتخابی ماحول کو پرامن رکھنے کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ ”حکام کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دونوں پریزائیڈنگ افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے“۔
آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کہیں کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو پولیس کارروائی کرتی ہے، سیاسی کارکنوں سمیت کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
















