میلونی کے ردِ عمل پر صدر ٹرمپ نے ایک اور بیان داغ دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان برسوں پر محیط سیاسی قربت اب تقریباً ختم ہو چکی ہے۔ فرانس میں ’جی 7 سربراہی اجلاس‘ میں لی گئی ایک تصویر سے شروع ہونے والا تنازع اب ایران جنگ اور خارجہ پالیسی کے اختلافات تک پہنچ گیا ہے، جس کے بعد ماضی کے دو اتحادی رہنماؤں کے تعلقات میں نمایاں کشیدگی نظر آنے لگی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری اپنے بیان میں پھر دعویٰ کیا ہے کہ جی سیون اجلاس کے دوران اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے متعدد مرتبہ ان کے ساتھ تصویر بنوانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
یہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی تھی جب فرانس کے شہر ایویان میں منعقدہ جی سیون سربراہی اجلاس کے دوران دونوں رہنماؤں کی ایک مشترکہ تصویر منظرِعام پر آئی تھی۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ میلونی نے ان سے تصویر بنوانے کے لیے منت سماجت کی، جس پر اٹلی کی وزیرِاعظم نے امریکی صدر کو جھوٹا قرار دیا تھا۔
اسی بیان کے جواب میں صدرٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اٹلی میں میلونی کی عوامی مقبولیت میں کمی آ رہی ہے اور اس کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے یا تیار کرنے سے روکنے کے معاملے پر امریکا کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیٹو نے بھی اسی طرح کا مؤقف اختیار کیا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اٹلی نے امریکا کو اپنی لینڈنگ اسٹرپس اور رن ویز استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، جس کے باعث امریکی کارروائیوں میں لاجسٹک مشکلات پیش آئیں۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکا اٹلی اور دیگر نیٹو اتحادیوں کے دفاع پر ہر سال سیکڑوں ارب ڈالر خرچ کرتا ہے، اس کے باوجود واشنگٹن کو مطلوبہ تعاون حاصل نہیں ہوا۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے بعد اب جارجیا میلونی دوبارہ بہتر تعلقات کی خواہاں ہیں تاکہ اپنی سیاسی مقبولیت میں اضافہ کر سکیں، تاہم انہوں نے اس حوالے سے منفی ردعمل کا اظہار کیا۔
ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ اور جارجیا میلونی ایک دوسرے کے قریبی سیاسی اتحادی سمجھے جاتے تھے، تاہم حالیہ تنازع نے دونوں کے تعلقات کو ایک نئے اور غیر یقینی مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔
اس تنازع کے بعد اٹلی کے وزیرِ خارجہ نے امریکی صدر کے بیانات کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے امریکا کا اپنا سرکاری دورہ منسوخ کر دیا ہے۔














