لاس اینجلس کے لاکر روم میں ایرانی فٹبال ٹیم کاچھوڑا گیا ہاتھ سے لکھا خط سب کو جذباتی کر گیا
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ایران کی ٹیم نے امریکی شہر لاس اینجلس کے سوفی اسٹیڈیم میں اپنے لاکر روم میں ایک ہاتھ سے لکھی گئی جذباتی خط چھوڑا ہے جس میں نہ صرف میزبان شہر کا شکریہ ادا کیا گیا بلکہ امن کی اپیل بھی شامل تھی۔
رپورٹس کے مطابق یہ خط اس وقت سامنے آیا جب ایران نے بیلجیم کے خلاف 0-0 کا سخت مقابلہ برابر کیا، جس کے بعد ٹیم نے اپنے ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔ ایران کی فٹبال فیڈریشن کی طرف سے جاری کیے گئے اس خط میں ٹیم نے اپنے سفر، مشکلات اور جذبے کا ذکر کیا۔
خط میں لکھا گیا کہ قدیم فارس سے لے کر آج کے مہذب ایران تک، ایران کی روح آج بھی زندہ اور مضبوط ہے۔ اسی پیغام میں مزید کہا گیا کہ لاس اینجلس، آپ کی مہمان نوازی کا شکریہ۔ ہم فخر کے ساتھ یہاں آئے، عزت کے ساتھ مقابلہ کیا اور وقار کے ساتھ واپس جا رہے ہیں۔
پیغام میں دنیا بھر میں موجود ایرانی شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے دو میچز کے دوران ٹیم کی بھرپور حمایت کی۔ نوٹ میں یہ بھی درج تھا کہ ہر اس ایرانی کا شکریہ جس نے ان 180 منٹوں کے دوران اپنا دل، آواز اور روح ایران کے لیے وقف کی۔
خط کے آخر میں امن کی اپیل کرتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ تمام اقوام کے درمیان امن، احترام اور دوستی قائم رہے۔
رپورٹ کے مطابق خط میں 168 اور میناب کے ہیش ٹیگز بھی شامل تھے جو ایران کے شہر مناب میں ایک اسکول پر ہونے والے حملے کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جسے جاری تنازع کے دوران ایک افسوسناک واقعہ قرار دیا گیا تھا۔
ایران نے اپنے دونوں گروپ میچز لاس اینجلس میں کھیلے، جبکہ ٹیم کا بیس کیمپ میکسیکو کے شہر تیجوانا میں تھا۔ بعد میں ٹیم مسلسل میچز کے لیے سرحد پار سفر کرتی رہی۔
ایران کا پہلا نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوا تھا جو 2-2 سے ڈرا ہوا اور پھر بیلجیم کے خلاف بھی سخت مقابلے کے بعد بغیر کسی گول کے میچ برابر ہوا تھا۔
شائقین کی بڑی تعداد کے باعث لاس اینجلس میں دونوں میچز تقریباً ایران کے ہوم گراؤنڈ جیسے ماحول میں کھیلے گئے کیونکہ وہاں بڑی ایرانی کمیونٹی موجود ہے۔ تاہم شائقین میں سیاسی تقسیم بھی دیکھی گئی، کچھ افراد نے موجودہ حکومت کا پرچم جبکہ کچھ نے 1979 سے پہلے والا شیر و سورج کا پرچم اٹھا رکھا تھا۔
















