گرمی کے اس شدید موسم میں موبائل فون کو محفوظ رکھنے کے طریقے
شدید گرمی کی لہروں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے اس موسم میں جہاں انسان بے حال ہیں، وہاں ہماری جیبوں میں موجود اسمارٹ فونز بھی ایک خاموش بحران کا شکار ہیں۔
دنیا بھر میں اچانک بڑھتی ہوئی تپش کے باعث لاکھوں موبائل فونز کارکردگی میں سستی، بیٹری کی خرابی اور اچانک بند ہونے جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، اسمارٹ فونز کی حفاظت کے لیے چند بنیادی تدابیر اختیار کرنا اب محض ایک مشورہ نہیں بلکہ فون کی زندگی بچانے کے لیے بے حد ضروری ہو چکا ہے۔
جدید اسمارٹ فون ہماری روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔ بینکنگ، آن لائن ادائیگی، دفتری کام، تعلیم، ویڈیوز، سوشل میڈیا اور ہنگامی رابطوں سمیت تقریباً ہر کام موبائل فون کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے، لیکن زیادہ درجہ حرارت ان ڈیوائسز کی کارکردگی پر براہِ راست اثر ڈالتا ہے۔
ٹیکنالوجی میگزین ’لیول اپ‘ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، یہ طاقتور ڈیوائسز گرمی کے سامنے انتہائی کمزور ہیں۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق بیشتر اسمارٹ فونز کو صفر سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بہتر کارکردگی کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔
جب درجہ حرارت اس حد سے بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر اگر فون براہِ راست دھوپ میں ہو، تو اس کے اندرونی پرزے تیزی سے گرم ہونے لگتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں بیٹری کی عمر کم ہو سکتی ہے، پراسیسر کی رفتار متاثر ہوتی ہے اور بعض صورتوں میں مستقل ہارڈویئر نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فون پر ”ڈیوائس از ٹو ہاٹ“ یا ”فون بہت زیادہ گرم ہو گیا ہے“ جیسا انتباہ ظاہر ہو تو اسے فوراً استعمال کرنا بند کر دینا چاہیے، کیونکہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ڈیوائس خود کو نقصان سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اسمارٹ فون کو پگھلنے اور خراب ہونے سے بچانے کے 7 سنہری طریقے
اگر آپ چاہتے ہیں کہ اس چلچلاتی دھوپ میں آپ کا قیمتی فون محفوظ رہے اور اسکرین پر ”ڈیوائس بہت گرم ہے“ کا انتباہی میسج نہ آئے، تو ان باتوں پر لازمی عمل کریں۔
بند گاڑی میں فون نہ رکھیں
تپتی ہوئی دھوپ میں کھڑی گاڑی کا اندرونی درجہ حرارت چند ہی منٹوں میں 54 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔ ڈیش بورڈ پر رکھا فون اس گرمی کو اسفنج کی طرح جذب کرتا ہے جو اسکرین اور بیٹری کو فوری ناکارہ بنا سکتا ہے۔ اس لیے چند منٹ کے لیے بھی گاڑی سے اتریں تو فون ساتھ لے کر جائیں۔
سگنل کمزور ہوں تو ’ایئرپلین موڈ‘ آن کریں
گرم علاقوں میں جب موبائل کے سگنل کمزور ہوتے ہیں، تو فون کا انٹینا کنکشن بحال رکھنے کے لیے دگنی طاقت لگاتا ہے۔ اس سے بیٹری تیزی سے گرم ہوتی ہے۔ ایسے مقامات پر ایئرپلین موڈ کا استعمال فون پر دباؤ کو خوامخواہ بڑھنے سے روکتا ہے۔
تپتے ہوئے فون کو چارجنگ پر مت لگائیں
چارجنگ کے دوران فون کے اندر کیمیائی عمل کی وجہ سے پہلے ہی حرارت پیدا ہوتی ہے۔ اگر فون پہلے سے گرم ہو، تو پہلے اسے ٹھنڈا ہونے دیں، کیونکہ گرم فون کو چارج کرنے سے بیٹری پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔ اسی طرح گرمیوں میں وائرلیس چارجنگ سے بھی پرہیز کریں کیونکہ یہ عام چارجر کے مقابلے میں فون کو زیادہ گرم کرتی ہے۔
ڈیش بورڈ پر نیویگیشن کا غلط استعمال
دن میں ڈرائیونگ کے دوران فون کو گاڑی کے ڈیش بورڈ پر لگانا بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ دھوپ، جی پی ایس اور موبائل ڈیٹا ایک ساتھ چلنے سے فون بہت جلد گرم ہو جاتا ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ فون کو ایئر کنڈیشنر کے قریب رکھا جائے اور اسکرین کی روشنی کم رکھی جائے۔
باہر نکلتے ہی ’بیٹری سیور‘ موڈ آن کردیں
جب بھی دھوپ میں نکلیں، فون کا بیٹری سیونگ موڈ آن کر دیں۔ یہ موڈ فون کے بھاری اندرونی پروسیسز کو روک دیتا ہے، اسکرین کی برائٹنس کم کرتا ہے اور بیک گراؤنڈ کی فالتو چیزیں بند کر کے فون کو اندر سے ٹھنڈا رکھنے میں جادوئی کردار ادا کرتا ہے۔
فون کو براہِ راست دھوپ میں رکھنے سے گریز کریں
فون کی ایلومینیم اور شیشے کی باڈی گرمی کو سیکنڈوں میں کھینچتی ہے۔ فون کو کبھی بھی دھوپ میں میز یا کرسی پر کھلا نہ چھوڑیں، بلکہ اسے کسی بیگ، تولیے کے نیچے یا سایہ دار جگہ پر رکھیں۔ یاد رکھیں کہ کالے رنگ کے موبائل کور گرمی کو زیادہ جذب کرتے ہیں، اس لیے گرمیوں میں ہلکے رنگ کے کور استعمال کریں۔
بیک گراؤنڈ ایپس بند کردیں
گھر یا ایئر کنڈیشنڈ کمرے سے باہر نکلنے سے پہلے موبائل کی تمام چلنے والی ایپس (جیسے فیس بک، انسٹاگرام، ای میل وغیرہ) کو مکمل بند کر دیں۔ کیونکہ پس منظر میں چلنے والی ایپس مسلسل توانائی استعمال کرتی رہتی ہیں اور فون کو گرم کرتی ہیں۔
اگر کسی لاپرواہی کی وجہ سے آپ کا فون شدید گرم ہو جائے، تو اسے ہرگز فوری طور پر فریج یا فریزر میں رکھنے کی غلطی نہ کریں۔ درجہ حرارت میں اچانک اتنی بڑی تبدیلی سے فون کے اندر نمی پیدا ہو سکتی ہے جو سرکٹ کو شارٹ کر دے گی۔ اس کا بہترین حل یہ ہے کہ فون کا کور اتاریں، اسے فوراً پاور آف کریں اور کسی پنکھے کی ہوا کے نیچے یا ٹھنڈی چھاؤں میں رکھ دیں۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق چند آسان احتیاطی تدابیر اپنا کر نہ صرف اسمارٹ فون کی کارکردگی بہتر رکھی جا سکتی ہے بلکہ اس کی بیٹری اور دیگر اہم پرزوں کی عمر بھی کافی حد تک بڑھائی جا سکتی ہے۔
















