بلوچستان: زلزلے سے کئی مکانات تباہ، 20 افراد زخمی

آفٹر شاکس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اپ ڈیٹ 27 جون 2026 02:16pm

بلوچستان کے لورالائی ڈویژن کے ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری کے علاقے کلی چاپ اور گرد و نواح میں جمعہ کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

زلزلے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری اپنے گھروں سے نکل کر کھلے مقامات پر آ گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے بتایا کہ زلزلے سے 90 سے زائد مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن میں متعدد کچے مکانات مکمل یا جزوی طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں سے مزید نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہیں اور نقصانات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے کے لیے سروے جاری ہے، جبکہ مزید آفٹر شاکس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔