اٹلی: دو معصوم بچوں کی جان بچانے والے پاکستانی نوجوان کے لیے سرکاری اعزاز
اٹلی کے شہر بریشیا میں گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک 29 سالہ پاکستانی نوجوان نوید اسلم نے بہادری کی ایسی شاندار مثال قائم کی ہے جس نے نہ صرف اٹلی بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
چند روز قبل بریشیا کے ایک پارک میں معصوم بچے کھیل رہے تھے کہ اچانک ایک نائجیرین شہری نے ان پر حملہ کر دیا اور بچوں کی گردن دبانے کی کوشش کی۔ اس خطرناک صورتحال کو دیکھتے ہی وہاں موجود نوید اسلم نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر حملہ آور پر جھپٹ پڑے اور اسے دبوچ لیا۔
انہوں نے پولیس کے آنے تک اس وحشی حملہ آور کو پوری طرح قابو میں رکھا۔ بچوں کو بچانے کی اس جدوجہد کے دوران نوید اسلم خود بھی زخمی ہوئے لیکن انہوں نے معصوم بچوں پر آنچ نہیں آنے دی۔
پاکستانی نوجوان کی اس غیر معمولی بہادری اور انسانی خدمت کے اعتراف میں بریشیا شہر کی میئر لورا کاسٹیلیٹی نے نوید اسلم کو اپنے دفتر بلایا اور انہیں خصوصی اعزازی شیلڈ سے نوازا۔
تقریب کے دوران میئر لورا کاسٹیلیٹی نے نوید اسلم کی جرات کو دل کھول کر سراہا اور کہا کہ نوید اسلم نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر معصوم بچوں کو بچایا، ان کی یہ غیر معمولی بہادری اور بروقت انسانی خدمت واقعی تعریف کے قابل ہے جس پر پورا شہر ان کا شکر گزار ہے۔
اس موقع پر اعزاز حاصل کرنے کے بعد گجرات کے شیر دل نوجوان نوید اسلم نے انتہائی سادگی اور عاجزی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان بچوں کی جان بچانا ان کی انسانی ذمہ داری تھی، انہوں نے کچھ الگ نہیں کیا بلکہ جو ایک انسان کو دوسرے انسان کے لیے کرنا چاہیے، وہی کیا۔
اٹلی میں مقیم پاکستانی برادری نے بھی اپنے اس ہیرو کا شاندار استقبال کیا ہے اور سب کا کہنا ہے کہ نوید اسلم نے دیارِ غیر میں پاکستان کا نام روشن کر کے سب کے دل جیت لیے ہیں اور وہ پوری قوم کا فخر ہیں۔















