آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے لیے غیر ملکی مداخلت کی ضرورت نہیں: ایران

لبنان میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
شائع 30 جون 2026 05:10pm

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے لبنان کی صورت حال اور آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو مفاہمتی یادداشت کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں جب کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے معاملے میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کی ضرورت نہیں۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے منگل کو تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لبنان کی صورت حال اور آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کے مؤقف کو ایک بار پھر واضح کیا۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کا اپنے وعدوں پر قائم رہنا انتہائی اہم ہے، جو مفاہمتی یادداشت (میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ) کے پہلے پیراگراف کے مطابق ہے۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا کو اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے اور اگر ضرورت پڑے تو اسرائیل کو بھی اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں پر عمل درآمد کا پابند بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے اپنے وعدوں کی پاسداری کا معیار مفاہمتی یادداشت کا متن ہے اور اسی بنیاد پر اس کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان وزارت خارجہ نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے معاملے پر بھی ایران کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات میں بیرونی مداخلت نیک نیتی پر مبنی نہیں ہوگی بلکہ اس سے صورت حال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔

ان کے مطابق آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا معاملہ بھی مفاہمتی یادداشت میں شامل ہے، اس لیے اس حوالے سے خطے سے باہر کسی بھی فریق کی مداخلت کی ضرورت نہیں۔