اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

ضلع تھرپارکر میں بھی مون سون کی پہلی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا
شائع 07 جولائ 2026 12:57pm

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورت حال میں تبدیلی کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہے گا، جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دارالحکومت میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

موسم کی صورت حال کے مطابق خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بعض علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی آنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور حبس برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں شہریوں کو گرم موسم کا سامنا رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے دوران بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں ہونے والی بارشوں سے جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، وہیں کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، ندی نالوں میں طغیانی، بجلی کی فراہمی میں تعطل اور حادثات کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سندھ کے ضلع تھرپارکر میں مون سون کی پہلی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ننگرپارکر، اسلام کوٹ، تھرکول، مٹھی، عمرکوٹ اور ڈانو دھاندل سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ خشک سالی سے متاثرہ علاقے میں بارش کے بعد لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں جی ٹی روڈ سمیت مختلف علاقوں کو جانے والی رابطہ سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں۔ نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اُدھر پشاور میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق مختلف مقامات پر دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

بارش سے پشاور کے مضافاتی علاقے فقیر کلے، پخہ غلام، چغلپورہ، شاہ عالم پل اور یوسف آباد زیادہ متاثر ہوئے۔

دوسری جانب تیز ہواؤں اور بارش کے باعث متعدد گرڈ اسٹیشنز سے بجلی کی ترسیل بھی معطل ہوگئی۔ حکام کے مطابق پشاور کے 12 گرڈز سے منسلک 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت میں آج رات اور منگل کے روز مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ اور کرک میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالا، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔