مودی حکومت کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے سونم وانگ چُک کی دو دن میں موت کا خدشہ

سونم وانگ چُک کا نام فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے کردار پھنسوک وانگڈو سے بھی جوڑا جاتا ہے کہ اس کردار کے لیے تحریک فراہم کی تھی۔
شائع 15 جولائ 2026 12:22pm

دہلی ہائی کورٹ میں ایک اہم درخواست دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے معروف سماجی کارکن اور ماہرِتعلیم سونم وانگ چُک کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے اور ضرورت پڑنے پر انہیں زبردستی کھانا کھلایا جائے تاکہ ان کی جان بچائی جا سکے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق سونم وانگ چُک کی بھوک ہڑتال کو اٹھارہ دن ہو چکے ہیں اور ان کی حالت دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔ ان کی یہ احتجاجی تحریک تعلیمی اصلاحات، مبینہ نیٹ یو جی پیپر لیک معاملے پر کارروائی اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے سے جڑی ہوئی ہے۔

یہ درخواست سماجی کارکن اور وکیل راکیش کمار سینی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر وانگ چُک نے بھوک ہڑتال جاری رکھی تواگلے دو دنوں میں ان کی جان جاسکتی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ مرکز اور دہلی حکومت کو ہدایت دی جائے کہ وانگ چُک کو اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کی صحت بچانے کے لیے انہیں ضروری غذائی اجزا فراہم کیے جائیں۔ رپورٹس کے مطابق بھوک ہڑتال کے دوران ان کا وزن اب تک 8.5 کلو گرام کم ہو چکا ہے اور ان کا بلڈ پریشر بھی گر 109/70 تک پہنچ گیا ہے۔

دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مرکز اور دہلی حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے اور متعلقہ فریقوں کو جمعرات تک جواب جمع کرانے کو کہا ہے، جس کے بعد اس کیس کی باقاعدہ سماعت کی جائے گی۔

سونم وانگ چُک نے اپنی یہ بھوک ہڑتال 28 جون کو جنتر منتر پر شروع کی تھی، جس کی حمایت کاکروچ جنتا پارٹی نامی تنظیم کر رہی ہے۔ تنظیم نے 20 جولائی کو پارلیمنٹ تک مارچ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جو پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا پہلا دن ہوگا۔

درخواست میں یہ گلہ بھی کیا گیا ہے کہ حکومت اس پورے معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے اور ان کے ساتھ ایک مجرم جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔

سونم وانگ چک کا نام فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے کردار پھنسوک وانگڈو سے بھی جوڑا جاتا ہے۔ فلم کے اس کردار کو وانگچک کی زندگی، ان کے تعلیمی نظریات اور لداخ میں کیے گئے کاموں سے جزوی طور پر متاثر قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم فلم کا کردار براہِ راست سونم وانگ چک کی شخصیت نہیں تھا۔ وانگ چک ایک انجینئر اور تعلیمی اصلاحات کے لیے کام کرنے والے کارکن ہیں، جو لداخ میں اپنی اختراعات اور تعلیمی اقدامات کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔

دوسری جانب سونم وانگ چُک نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں واضح کیا کہ وہ کوئی ہیرو یا نئے دور کے گاندھی نہیں ہیں، بلکہ وہ صرف ایک عام شہری کے طور پر اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔