سوات: 7 کوہ پیما پھٹنے والے گلیشیئر کی زد میں آگئے، ایک لاپتا

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 3 کوہ پیما زخمی ہوئے ہیں، جنہیں سیدو شریف اسپتال منتقل کردیا گیا ہے: ریسکیو حکام
اپ ڈیٹ 18 جولائ 2026 09:50am

سوات کے علاقے کالام کی وادی مٹلتان میں گلیشیئر پھٹ گیا، جس کی زد میں 7 کوہ پیما آگئے۔

ریسکیو ٹیم کے مطابق کوہ پیما چھوٹا کے ٹو کے بیس کیمپ جا رہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آگیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 3 کوہ پیما زخمی ہوئے ہیں، جنہیں سیدو شریف اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ ضلعی ایمرجنسی افسر سید شعیب منصور کی ہدایت پر فوری طور پر طبی ٹیم روانہ کی گئی ہیں، جس نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سیدو شریف منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا شخص کی تلاش جاری ہے، تاہم یہ واقعہ ایک دور افتادہ اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں پیش آیا ہے، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

حکام کے مطابق سرچ آپریشن جاری ہے اور مزید پیش رفت سامنے آنے پر معلومات فراہم کی جائیں گی۔

ریسکیو ٹیم کے مطابق حادثے میں 3 کوہ پیما محفوظ رہے، جبکہ خوازہ خیلہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما سید علی شاہ لاپتا ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔