امریکی حملے: ایران نے ہرمزگان میں شہید 8 شہریوں کی تصاویر جاری کردیں

ایران حکام کے مطابق یہ افراد مختلف مقامات پر ہونے والے حملوں کا نشانہ بنے
اپ ڈیٹ 18 جولائ 2026 09:22am

ایران نے ہرمزگان صوبے میں امریکی حملوں میں شہید ہونے والے آٹھ شہریوں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملوں میں خواتین اور معذور افراد بھی جان سے گئے، جبکہ ایرانی قیادت نے اس واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ہرمزگان صوبے میں امریکی حملوں میں شہید ہونے والے آٹھ شہریوں میں چار خواتین، دو معذور بھائیوں سمیت چار مرد شامل ہیں۔

ایران حکام کے مطابق یہ افراد مختلف مقامات پر ہونے والے حملوں کا نشانہ بنے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بندر خمیر میں شہید ہونے والے تین شہریوں کی تصویر بھی جاری کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تینوں شہری بندر خمیر کے پل سے گزر رہے تھے کہ اسی دوران انہیں نشانہ بنایا گیا۔

عباس عراقچی نے کہا کہ شہید افراد کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آخری سانس تک وطن کا دفاع کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی ہرمزگان میں شہید ہونے والے شہریوں کی تصاویر جاری کیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی عوام اب پہلے سے کہیں زیادہ پُرعزم اور متحد ہیں۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ اپنے محبوب وطن کے خلاف اس مجرمانہ جارحیت پر اپنے سفاک دشمنوں کو سخت پچھتاوا دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

ایران کی جانب سے شہدا کی تصاویر اور بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ حملوں کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔