آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 13حلقوں میں سے 5 کے نتائج مکمل، ن لیگ 3 اور پی پی 2 پر کامیاب

مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اپ ڈیٹ 28 جولائ 2026 12:11am

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں سے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اب تک موصولہ 5 مکمل غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 3 جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہوگئی ہیں۔

پیر کے روز میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوئی جب کہ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو شام 5 بجے مقررہ وقت پر بند ہونا تھی تاہم ووٹرز کی سہولت کے پیش نظر مزید ایک گھنٹے کی توسیع دی گئی، جس کے بعد ووٹنگ کا سلسلہ 6 بجے تک جاری رہا جب کہ پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔

مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد دن بھر جاری رہنے والی پولنگ کا عمل روک کر ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا، جس کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، آج نیوز موصول ہونے والے نتائج کو سب سے پہلے اپنے ناظرین سے شیئر کررہا ہے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق اس وقت تک پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ہی کانٹے کا مقابلہ چل رہا ہے، اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 3 جب کہ پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں جیت لی ہیں۔

ایل اے 1

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 1 میر پور کے تمام 139 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہو گیا ہے، جس کے مطابق مسلم لیگ ن کے اظہر صادق نے 12,298 ووٹوں کے ساتھ میدان مار لیا جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار افسر شاہد 6,538 ووٹ لے کر پیچھے رہے۔

ایل اے 2

حلقہ ایل اے 2 میر پور چکسواری کے تمام 149 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے، جس کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار قاسم مجید 12,904 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن کے امید وار عظیم بخش 8,182 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 3

حلقہ ایل اے 3 میرپور سٹی کے تمام 161 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہوگیا ہے، جس کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار یاسر سلطان نے 11، 676 ووٹوں کے ساتھ بازی مار لی جب کہ مسلم لیگ ن کے چوہدری سعید 9,832 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 4

حلقہ ایل اے 4 میرپور ہاری کے تمام 162 پولنگ اسٹیشنز کے موصول ہونے والے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری رخسار 20,172 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار صہیب ارشد 13,865 ووٹ کے ساتھ پیچھے رہے۔

ایل اے 5

حلقہ ایل اے 5 بھمبر برنالہ کے 176 میں سے 99 پولنگ اسٹیشنز کا غیرحتمی و غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے، جہاں مسلم لیگ ن کے امیدوار وقار احمد نور کے 19,032 ووٹ لے کر آگے ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری پرویز اشرف 15,493 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 6

حلقہ ایل اے 6 بھمبر سماہنی کے 195 میں سے 128 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محمد رزاق 25,902 ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار چوہدری علی شان 14,278 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 7

حلقہ ایل اے 7 بھمبر سٹی کے 237 میں سے 234 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہو گیا ہے، جس کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری طارق فاروق 35,287 ووٹ لے کر سر فہرست ہیں جب کہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 24,997 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔

ایل اے 8

حلقہ ایل اے 8 راج محل کوٹلی کے 155 میں سے 141 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق، جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار ملک ظفر اقبال 18,543 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک نواز 11,093 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 9

حلقہ ایل اے 9 نکیال کوٹلی کے تمام 306 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہوگیا ہے، جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے عمیر نعیم 31,080 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28,509 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 10

حلقہ ایل اے 10 کوٹلی کے 168 میں سے 36 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے، جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین 6,699 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ ن لیگ کے امیدوار فاتح محمود 3,560 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔

ایل اے 11

حلقہ ایل اے 11 سہنسہ کوٹلی کے 206 میں سے 119 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہوگیا ہے، جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے امیدوار محمد آصف 16,948 ووٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد اخلاق 14,594 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 12

حلقہ ایل اے 12 چروئی کوٹلی 5 کے 207 میں سے 50 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین 9,788 ووٹ لے کر آگے ہیں جب کہ مسلم ليگ (ن) کے امیدوار راجہ ریاست 6,788 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 13

حلقہ ایل اے 13 کھوئی رٹہ کوٹلی کے 193 میں سے 8 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے امید وار ولید انقلابی 1,769 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ ن لیگ کے امیدوار راجہ ایاز نثار 1,323 ووٹ کے ساتھ پیچھے ہیں۔

کتنے ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا؟

قبل ازیں میر پور ڈویژن کے 13 حلقوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

انتخابی عمل کے لیے میر پور ڈویژن میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔ جن میں ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 جب کہ ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔

اس انتخابی معرکے میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

عام انتخابات کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے خطے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جہاں پاک فوج کے دستوں اور پولیس سمیت 19 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دیے۔

بھمبر کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی

آزاد کشمیر میں پولنگ کے دوران بھمبر کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ روکنا پڑگئی، حلقہ ایل اے 6 سماہنی بھمبر 2 کے بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی اچانک پرتشدد تصادم میں تبدیل ہوگئی جب کہ مشتعل کارکنوں نے پولنگ اسٹیشن کو میدانِ جنگ بنا دیا۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) بھمبر کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے بیلٹ باکس چھین کر آگ لگا دی، جس بیلٹ باکس کو آگ لگائی گئی اس میں 232 ووٹ موجود تھے، جو شعلوں کی نذر ہو گئے، ایک پولنگ اسٹیشن کے علاوہ حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر صورتِ حال معمول کے مطابق رہی، ڈی آر او کے مطابق پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ ووٹنگ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق

آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران کوٹلی کے علاقے نکیال میں فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق جب کہ 3 افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤن نے حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال میں کارکن مختار یونس کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

کوٹلی میں 2 پریزائیڈنگ افسران گرفتار

اس کے علاوہ انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن بھی دیکھنے میں آیا ہے۔ کوٹلی میں 2 پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن جانے کے بجائے انتخابی سامان کے بیگز لے کر ایک نجی رہائش گاہ پہنچ گئے تھے، جس پر انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا اور انتخابی سامان تحویل میں لے لیا۔

اس واقعے کے فوراً بعد نئے پریزائیڈنگ افسران کو تعینات کر کے پولنگ اسٹیشنز پر روانہ کر دیا گیا تاکہ ووٹنگ کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

انتخابی ماحول کو پرامن رکھنے کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ ”حکام کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دونوں پریزائیڈنگ افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے“۔

آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کہیں کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو پولیس کارروائی کرتی ہے، سیاسی کارکنوں سمیت کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔

چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔