حکومت نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی

وفاقی حکومت کے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے وفد سے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔
شائع 27 جولائ 2026 06:59pm

وفاقی حکومت کے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے وفد سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

پیر کے روز وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کی آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے کامیاب ملاقات ہوئی، جس میں آئل ٹینکرز سے متعلق مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ پیٹرولیم نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی، اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم کی سربراہی میں قائم کمیٹی ایک ہفتے میں سفارشات پیش کرے گی جب کہ کمیٹی میں ڈی جی آئل، اوگرا، اوٹکا اور او سی اے سی کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ آئل ٹرانسپورٹیشن سے متعلق مسائل کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔

اوٹکا کا وفد صدر عابداللہ آفریدی کی قیادت میں وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ملاقات کے لیے پہنچا، اوٹکا کے وفد نے وائٹ آئل پائپ لائن کے کوٹے میں کمی، فریٹ فارمولے اور کمرشل لوڈنگ سے متعلق مطالبات پیش کیے۔

وزیرِ پیٹرولیم نے اوگرا کو آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو فریٹ کنٹریکٹس کی تحریری پالیسی جمع کرانے، اوگرا کو آئل ٹینکرز کی مؤثر ٹریکنگ اور ڈیلرز کی گاڑیوں کو پرائمری ٹرانسپورٹیشن سے الگ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک بھر میں عوام کو بلا تعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مشاورت جاری رکھی جائے گی۔

دوسری جانب اوٹکا کے وفد نے وزیرِ پیٹرولیم کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اعتماد کا اظہار کیا۔