صبا حمید فرحان طاہر کی والدہ بھی اور اہلیہ بھی؟ اداکاراؤں نے سوالات اٹھا دیے
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا حمید ان دنوں اپنی اداکاری سے زیادہ دو مختلف ڈراموں میں ایک ہی اداکار کے ساتھ بالکل مختلف رشتوں کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
صبا حمید ایک ہی وقت میں نشر ہونے والے دو مختلف ڈراموں میں ہالی ووڈ اور لالی ووڈ کے معروف اداکار فرحان طاہر کی اہلیہ اور والدہ دونوں روپ میں نظر آ رہی ہیں۔ جس پر شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے سوالات اٹھا دیے ہیں۔
نجی ٹی وی کے ایک ڈرامے میں صبا حمید، فرحان طاہر کی بیوی کے کردار میں نظر آ رہی ہیں، جبکہ اسی چینل کے دوسرے ڈرامے میں وہ اسی اداکار کی والدہ بنی ہوئی ہیں۔ دونوں ڈراموں کی ایک ساتھ نشریات کے باعث ناظرین کو اس غیر معمولی کاسٹنگ کو قبول کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ بحث جاری ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ جب ایک ہی وقت میں دو ڈرامے نشر ہو رہے ہوں تو ایک ہی اداکارہ کو ایک ہی اداکار کی والدہ اور اہلیہ کے کردار میں پیش کرنا ناظرین کے لیے الجھن پیدا کرتا ہے۔
اس غیر منطقی کاسٹنگ پر بات کرتے ہوئے معروف سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اپنے ایک شو کے دوران کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ ڈرامے کی باقی کاسٹ تو بہترین ہے لیکن صبا حمید کو فرحان طاہر کی ماں بنانا کسی طور پر ہضم نہیں ہو رہا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ بطور اداکار ہم مختلف کردار کر سکتے ہیں، لیکن جب ایک طرف وہ بیگم بنی ہوئی ہیں تو دوسری طرف انہیں ماں کے روپ میں دیکھنا قطعی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صبا حمید آج بھی اتنی خوبصورت اور اسٹائلش ہیں کہ وہ کسی دادی یا نانی کے کردار میں بالکل مصنوعی اور غیر فطری نظر آتی ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ ژالے سرحدی نے اس تمام معاملے پر گہرا طنز کرتے ہوئے انڈسٹری کے رویے کو بے نقاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں شاید عمر صرف عورتوں کی بڑھتی ہے جبکہ مرد ہمیشہ کے لیے جوان ہی رہتے ہیں۔ یہی سوچ ڈراما انڈسٹری میں بھی رچی بسی ہے جہاں خواتین اداکاراؤں کے لیے ان کی عمر اور حقیقت کے مطابق کردار ہی نہیں لکھے جاتے۔
ژالے نے ہنستے ہوئے تبصرہ کیا کہ اگر ڈراما سازوں کا یہی رویہ رہا تو وہ دن دور نہیں جب میں خود بھی ڈراموں میں ہمایوں سعید کی ماں کے کردار میں نظر آؤں گی۔
دوسری طرف پروگرام کی میزبان جگن کاظم نے صبا حمید کے حق میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی اداکار کے ساتھ مختلف رشتوں کے کردار نبھانا ان کی غیرمعمولی صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صبا حمید اپنی اداکاری سے ہر کردار میں اس طرح جان ڈال دیتی ہیں کہ دیکھنے والوں کی توجہ اداکارہ کی بجائے کردار پر مرکوز رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے یہ باعثِ فخر ہے کہ یہاں صبا حمید جیسے باصلاحیت فنکار موجود ہیں۔
ادھر پاکستانی شوبز انڈسٹری میں عمر کے مطابق کرداروں کی تقسیم کا معاملہ طویل عرصے سے بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ ناقدین کے مطابق 40 سال یا اس سے زیادہ عمر کے کئی مرد اداکار اب بھی رومانوی یا نوجوان مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ اسی عمر کی خواتین اداکاراؤں کو عموماً ماں، خالہ یا بڑی عمر کی خواتین کے کرداروں تک محدود کر دیا جاتا ہے، جسے انڈسٹری میں عدم توازن کی ایک مثال قرار دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ڈراموں میں ماضی میں بھی عمر اور کرداروں کے انتخاب پر بحث ہوتی رہی ہے، تاہم اس بار صباحمید کا بیک وقت والدہ اور اہلیہ کے کردار میں نظر آنا سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ حاصل کر رہا ہے، جہاں ناظرین اس معاملے پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔















