انگلینڈ کے فاسٹ بولر نے 25 برس کی عمر میں کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

معاشیات اور فنانس میں گریجویٹ جان ٹرنر نے کہا کہ انگلینڈ اور ہیمپشائر کی نمائندگی کرنا ان کے بچپن کا خواب تھا۔
شائع 07 اگست 2026 08:49am

انگلینڈ کے 25 سالہ فاسٹ بولر جان ٹرنر نے مسلسل انجریز سے پریشان ہو کر پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جبکہ ہیمپشائر کے ساتھ ان کے معاہدے کی مدت میں ابھی دو سال باقی تھے۔

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں پیدا ہونے والے جان ٹرنر نے 2024 میں انگلینڈ کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے دو ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی سے متاثر کیا تھا۔

تاہم جون 2025 سے وہ کمر میں اسٹریس فریکچر کے باعث کسی بھی پیشہ ورانہ میچ میں حصہ نہیں لے سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک انجری کا شکار رہنے اور بار بار فٹنس مسائل کا سامنا کرنے کے بعد انہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے غور کیا، جس کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ اب کرکٹ سے الگ ہو کر زندگی کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھنے کا یہی مناسب وقت ہے۔

معاشیات اور فنانس میں گریجویٹ جان ٹرنر نے اپنے بیان میں کہا کہ پروفیشنل اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ ان کا خواب تھا اور ہیمپشائر اور انگلینڈ کی نمائندگی کرنا ان کے بچپن کے خوابوں کی تعبیر تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ان کی زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہے، لیکن مسلسل انجریز، خصوصاً ایک سال سے زائد عرصے تک میدان سے دور رکھنے والے کمر کے اسٹریس فریکچر نے انہیں یہ فیصلہ کرنے پر مجبور کیا۔

جان ٹرنر نے 2021 میں کامیاب ٹرائل کے بعد ہیمپشائر میں شمولیت اختیار کی تھی، جبکہ 2023 میں دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت انہیں پہلی بار انگلینڈ کی ٹیم میں شامل ہونے کا موقع ملا۔ ان کے پاس گزشتہ سال کے آخر تک انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا ڈویلپمنٹ کنٹریکٹ بھی موجود تھا۔

اپنے ریٹائرمنٹ پیغام میں جان ٹرنر نے ہیمپشائر کلب، کوچز، ساتھی کھلاڑیوں، عملے اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کلب کے ساتھ بطور پروفیشنل کرکٹر گزارے گئے پانچ سال ان کی زندگی کے بہترین سال رہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ہر مرحلے پر بھرپور اعتماد، تعاون اور حوصلہ افزائی ملی، جس کی بدولت وہ اپنے خواب پورے کرنے میں کامیاب ہوئے، اور وہ اس حمایت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔