رنبیر کپور سے پہلے ہریتھک روشن کو رام کا کردار بنانے کا منصوبہ کیوں ناکام ہوا؟

اس منصوبے کا ذکر بولی ووڈ کے ان بڑے فلمی پروجیکٹس میں ہوتا ہے جو اعلان کے باوجود حقیقت کا روپ نہ دھار سکے۔
شائع 07 اگست 2026 11:14am

بھارتی ہدایت کار نتیش تیواری کی فلم ”رامائن“ میں رنبیر کپور کے رام کے کردار کو لے کر شائقین میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے،لیکن بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ آج سے تقریباً 15 سال پہلے بھی اس کہانی پر ایک بہت بڑی فلم بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس میں رنبیر کپور کے بجائے ہریتھک روشن کو مرکزی کردار کے لیے چنا گیا تھا۔

سال 2008 میں معروف فلم ساز سنجے خان نے اس فلم کو بڑے پردے پر لانے کا اعلان کیا تھا، جس کا نام ’دی لیجنڈ آف رام‘ رکھا گیا تھا۔ اس فلم کے لیے ہریتھک روشن کو مرکزی کردار جبکہ لکشمن کے لیے سنجے خان کے بیٹے زاید خان اور راجہ دشرتھ کے کردار کے لیے امیتابھ بچن کا نام پیش کیا گیا تھا۔

اس وقت فلم کا بجٹ اندازاً 50 کروڑ بھارتی روپے رکھا گیا تھا جو اس دور کے لحاظ سے ایک بڑی رقم سمجھی جاتی تھی۔ اس فلم کی کہانی برطانوی مصنف فرخ دھونڈی کی مدد سے لکھی جا رہی تھی۔

اس منصوبے کی تصدیق کرتے ہوئے سال 2008 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں زاید خان نے کہا تھا کہ میرے والد واقعی رامائن بنا رہے ہیں۔ اس کا نام دی لیجنڈ آف رام ہے۔ وہ پچھلے تین سالوں سے اس فلم کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور رام کا کردار ادا کرنے کے لیے کسی بہترین شخص کی تلاش میں تھے اور ہریتھک روشن سے بہتر اس کردار کے لیے کون ہو سکتا تھا؟

اگرچہ اس فلم کی تیاری اور کہانی پر کافی کام ہوا، لیکن یہ فلم کبھی فلور پر نہ جا سکی اور بالاخر اسے بند کر دیا گیا۔ اس فلم کے ڈبہ بند ہونے کی کوئی خاص وجہ سرکاری طور پر تو ظاہر نہیں کی گئی، لیکن اس دور کی میڈیا رپورٹس کے مطابق مالی مسائل اور شروعاتی مرحلے کی منصوبہ بندی میں رکاوٹوں کے باعث یہ فلم نہ بن سکی۔

اب کئی سالوں بعد نیتش تیواری اس قدیم کہانی کو ایک نئے انداز میں سامنے لا رہے ہیں، جس کا بجٹ تقریباً 4000 کروڑ بھارتی روپے بتایا جا رہا ہے۔ اس نئی فلم میں رنبیر کپور کے ساتھ سائی پلوی، یش، روی دوبے، ارون گوول، لارا دتا اور سنی دیول جیسے اداکار کام کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے ئی خبریں سامنے آرہی تھیں کہ امیتابھ بچن اس نئی فلم میں جٹایو کے کردار کو اپنی آواز دیں گے، لیکن بعد میں فلم سازوں نے واضح کیا کہ یہ آواز انوپم کھیر کی ہوگی۔ یہ نئی فلم 6 نومبرکو دیوالی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی، جبکہ اس کا دوسرا حصہ 2027 کی دیوالی پر ریلیز کیا جائے گا۔

اگرچہ ہریتھک روشن کی ”دی لیجنڈ آف رام“ کبھی پردۂ سیمیں تک نہ پہنچ سکی، لیکن اس منصوبے کا ذکر آج بھی بولی ووڈ کے ان بڑے فلمی منصوبوں میں کیا جاتا ہے جو اعلان کے باوجود حقیقت کا روپ نہ دھار سکے۔