پانانہ لیکس کی تحقیقات ایف آئی اے کے سپرد کی جائے،چوہدری نثار

شائع 09 اپريل 2016 09:51am

627003-chaudhrynisaralikhanphotoafp-1383574570-191-640x480

اسلام آباد:چوہدری نثار نے پانامہ لیکس کی تحقیقات ایف آئی اے کے سپرد کرنے کی پیشکش کردی اس کے علاوہ عمران خان کو ایف آئی اے کا پسند کا افسر تعینات کرنے کی دعوت دے دی وزیرداخلہ نے ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا اعلان بھی کردیا۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیرداخلہ چوہدری نثار نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر اپوزیشن ایف آئی اے کی تحقیقات چاہتی ہے تو وہ تیار ہیں، عمران خان اپنی پسند کا افسر نامزد کریں وہ اسے مکمل اختیارات دینے کو تیار ہیں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے منفی رویے کی وجہ سے کمیشن کی تشکیل میں تاخیر ہو رہی ہے،الزام تراشی بند کی جائے تا کہ کوئی جج کمیشن کی سربراہی قبول کرے۔

وزیر داخلہ نے ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ روز روز اسلام آباد کا رخ کرنا مذاق بن گیا ہے۔

چوہدری نثار نے واضح کیا کہ قومی نشریاتی ادارے پر خطاب کا استحقاق صرف صدر یا وزیراعظم کو حاصل ہے،جتنی میڈیا کوریج عمران خان کو ملتی ہے اتنی تو وزیراعظم کو بھی نہیں ملتی۔

بھارتی جاسوس کی گرفتاری کے حوالے سے چوہدری نثار کا کہنا تھاکہ دشمن اس معاملے پر سول ملٹری قیادت میں پھوٹ دیکھنا چاہتا ہے تاہم میں واضح کردوں کہ سول ملٹری اختلافات ہیں اور نہ کبھی ہوں گے۔