توانائی سے متعلق منصوبے آئندہ سال شروع ہونے کا عندیہ

شائع 09 اپريل 2016 02:39pm

shahbaz_image

لاہور :وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام برقرار رہا تو توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے شروع کئے گئے تمام منصوبے اگلے سال کے آخر تک کام شروع کر دیں گے۔

انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور میں توانائی منصوبوں سے متعلق کورس مکمل کرنے والے طلباء میں سرٹیفیکیس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جنگ امن اور مشکلات میں ساتھ دینے والے ملک کو چھوڑ کر ماضی کے حکمران مغربی ممالک کی طرف دیکھتے رہے۔ چند دہائیاں پہلے اگر چینی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جاتی تو آج اندھیروں اور دیگر مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ عام آدمی کے لئے شروع کیا گیا ہے اور اس کی مخالفت کرنے والوں کا وہ ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے۔وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لئے چین سے آسان شرائط پر قرضہ لیا گیا ہے، جس کی پہلی قسط سات سال بعد اور مکمل قرضے کی ادائیگی بیس سال میں کی جائے گی۔