عمران خان کی سرکاری ٹی وی پر خطاب کی خواہش پوری نہ ہو سکی

شائع 10 اپريل 2016 06:11am

irman

اسلام آباد:عمران خان کی سرکاری ٹی وی پر خطاب کرنے کی خواہش پوری نہ ہو سکی۔ آج شام چھ بجے بنی گالا سے قوم سے خطاب کریں گے۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاناما لیکس کے معاملے پر سرکاری ٹی وی کے ذریعے قوم سے خطاب کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جو پوری نہیں ہوسکی۔ عمران خان نے اتوار کی شام چھ بجے بنی گالا سے قوم سے خطاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے نجی میڈیا سے درخواست کی ہے کہ ان کے قوم سے خطاب کو براہ راست نشر کیا جائے۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے پی ٹی وی پر عمران خان کو خطاب کا موقع دینے کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا پی ٹی وی پر اپوزیشن کو بھی حکومت جتنا وقت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ میں ارکان کے تناسب سے پی ٹی وی پر لائیو کوریج ملنی چاہیے، اسپیکر کو خط لکھ دیا ہے اور اس معاملے پر تحریک التوا بھی جمع کرا رکھی ہے۔ پرویز رشید نے اسپیکر کی موجودگی میں اپوزیشن کو جائز وقت دینے کا وعدہ کیا، وزیر اطلاعات پرویز رشید اپنے وعدے کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔