پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاناما لیکس کی گونج

شائع 11 اپريل 2016 12:06pm

national-asem

اسلام آباد:پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاناما لیکس کی گونج جبکہ اسپیکرقومی اسمبلی نے اراکین کو پاناما لیکس پربات کرنے سے روکا۔ لیکن ارکان اسی معاملے پربات کرتے رہے۔ اعتزازاحسن نے کہا کہ پاناما میں وزیراعظم کے خاندان کے نام آنے پردنیا میں جگ ہنسائی ہوئی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی پناما لیکس کا معاملہ گونجتارہا۔اپوزیشن نے اس معاملے پر آسمان سر پر اٹھا لیا ،اعتزازاحسن اور خورشید شاہ اس معاملے پر بحث کا مطالبہ کرتے رہے ،جس پر اسپیکر نے کہا کہ پاناما لیکس پرقومی اسمبلی میں دودن بحث ہوچکی ہے۔ مزید وقت نہیں دیا جا سکتا۔ اسپیکرنے ارکان کوبات کرنے سے روکنے کی کوشش کی جس پرایوان میں گرما گرمی بھی دیکھی گئی ۔

اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کا معاملہ انتہائی سنگین ہے پہلے پاناما لیکس کے معاملے پربحث کی جائے پھربزنس لیا جا ئے،خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کو خود اسمبلی کے اجلاس میں آنا چاہئے تھا، آج پاناما لیکس پر بات کر لیں،یہ حکومت کے حق میں ہوگا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس بین الاقوامی مسئلہ ہے اس پر پہلے بات کی جائے ،اپوزیشن کی دھواں دھار تقاریر کا جواب اسحاق ڈار نے دیا ۔اپوزیشن رہنماؤں کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی نوک جھونک ہوتی رہی ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن انہیں ڈکیٹ نہ کرے وہ جانتے ہیں کہ انہیں کیا کرنا ہے۔