اویس شاہ کااغواء،مختلف شہروں کی عدالتوں میں ہڑتال جاری

شائع 24 جون 2016 08:21am
وکلاء برادری کاچیف جسٹس کے مغوی بیٹے کی رہائی کا مطالبہ - فائل فوٹو وکلاء برادری کاچیف جسٹس کے مغوی بیٹے کی رہائی کا مطالبہ - فائل فوٹو

کراچی:چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کےبیٹے اویس شاہ کےاغواءکے خلاف کراچی، اسلام آباد ،روالپنڈ ی، پشاور سمیت مختلف شہروں کی عدالتوں میں چوتھےروز بھی ہڑتال جاری ہے، وکلاء برادری نے چیف جسٹس کے مغوی بیٹے کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس سجاد شاہ کی گمشدگی پر وکلا ءبرادری کا چوتھے روزبھی احتجاج جاری ہے۔

کراچی میں سندھ ہائیکورٹ میں تمام بورڈ ڈسچارج کردیئے گئے۔سندھ ہائیکورٹ، سٹی کورٹ اورملیربارمیں وکلاء احتجاجا عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے۔احتجاج کے باعث ملیرکورٹ اورسٹی کورٹ میں قیدیوں کوبھی جیل سےنہیں لایاجارہا۔

 دوسری جانب وکلاء رہنماؤں نے اویس شاہ ایڈووکیٹ کی ایک ہفتے میں بازیاب نہ ہوئے کی صورت میں سندھ بھرمیں ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں وکلاء برادری نے ہڑتال اور عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کررکھاہے۔

 وکلاء تنظیموں کا موقف ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں امن وامان کی خراب صورتحال کا جائزہ لیں ،حکومت شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے ،انہوں  نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے کو جلد بازیاب کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔

پشاور میں بھی  آل پاکستان بار کونسل کی کال پر خیبر پختونخوا کی تمام عدالتوں میں وکلاءنے بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ پشاور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں وکلاءپیش نہیں ہو رہے، سائیلین سخت مشکلات کا شکار ہیں۔