محمود خان اچکزئی نے کے پی کے کو افغانستان کا حصہ قرار دے دیا

شائع 30 جون 2016 04:27pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

پشاور :پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے خیبر پختونخوا کو افغانوں کی سرزمین قرار دے دیا ،ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کوئی بھی افغانوں سے مہاجر کارڈ طلب نہیں کرے گا نہ انہیں کوئی ہراساں کر سکتا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔پختوننخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ افغانوں کی زبان بولنے لگے۔پاکستان میں ہر طرف سے افغان مہاجرین کی واپسی کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں مگر محمود اچکزئی نے خیبرپختونخوا کو افغانوں کی سرزمین قرار دے دیا۔

افغان ریڈیو کو انٹرویو میں محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ اگر افغانوں کو پاکستان کے کسی دوسرے حصے میں ہراساں کیا جا رہا ہے تو وہ کے پی میں آ جائیں،یہاں ان سے کوئی ریفوجی کارڈز کا نہیں پوچھے گا کیونکہ وہ یہاں سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے طورخم بارڈر تنازع پر پاکستان اور افغانستان کو محتاط رہنے کا انتباہ کیااور ساتھ ہی معاملے میں چین اور امریکا کی مداخلت کا مشورہ بھی دے ڈالا۔اچکزئی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک تنازع حل نہیں کر سکتے تو معاملہ چین اور امریکا پر چھوڑ دیں،وہ دو ہفتے میں حل کر لیں گے۔پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ نے افغان مہاجرین کی واپسی پر تحفظات کا اظہار کیا اورکہا طورخم کشیدگی اور مہاجرین کی واپسی الگ الگ مسائل ہیں۔