چترال: سیلاب کے باعث 31 افراد جاں بحق

شائع 03 جولائ 2016 04:27pm
طوفانی بارشوں کے بعد چترال کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آگئی - فائل فوٹو طوفانی بارشوں کے بعد چترال کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آگئی - فائل فوٹو

چترال:چترال میں تیز بارش کے باعث سیلاب نے 31 افراد کی جان لے لی۔

عید سے پہلے چترال میںشدید بارش کے باعث آنے والے پانی کے ریلے نے کسی کو سنبھلنے کاموقع نہ دیا۔چند لمحوں قبل زندگی سے بھرپور اس جگہ پر اب پانی ہی پانی ہے۔

پانی کی بپھری موجوں نے پینتیس سے زائد مکانات اورایک مسجد کو سپاٹ کردیا۔نماز میں مصروف افراد اور سیکیورٹی اہلکاروں کو کچھ کرنے کا موقع ہی نہ ملا۔

پل بھر میں اکتیس افراد موت کی وادی میں چلے گئے۔ان بدقسمت افراد میں ایک ہی خاندان کے5افراد بھی شامل ہیں۔

سیلابی ریلا مجموعی طور پر 35 افراد کو بہا لے گیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے 7 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔جبکہ 8 سیکیورٹی اہلکار اور 20شہریوں سمیت 28 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

اپنے پیاروں سے بچھڑے لوگ عید کی خوشیاں بھول کر اب امداد کے منتظر ہیں۔

سیلاب کے باعث کئی دیگر علاقوں میں بھی زندگی اجڑ گئی، امدادی کاموں میں سست روی پربھی لوگ شکوہ کناں ہیں۔

سیلاب کے باعث پلوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ چترال کا دیگرعلاقوں سے زمینی راستہ بھی جزوی طور پر مقطع ہوگیا ہے۔