چاند نظر آگیا ، عیدالفطر کل منائی جائیگی
فائل فوٹواسلام آباد :عیدالفطر کا چاند نظر آگیا ،کل بروز بدھ کو عید ہوگی ۔ عید کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس لاہور میں ہوا ۔
اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان نے کی جبکہ دیگر زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت دیگر مقامات پر ہوئے۔اجلاس میں شوال کے چاند کی رویت سے متعلق فیصلہ ہونا تھا ۔تاہم اجلاس کے دوران بد نظمی دیکھنے میں آئی اور مفتی منیب الرحمان شدید برہم ہوئے اور ہدایت کی کہ چاند کی شہادت موصول ہونے یا نہ ہونے سے متعلق غیر مستند خبریں نہ چلائی جائیں۔
اس موقعے پر مفتی منیب الرحمان نے ٹیلی فون کی لائن بھی نکال دیں ۔ان کا کہنا تھا کہ بعض چینلز ٹکرز صحیح نہیں چلارہے۔ مفتی منیب کا کہنا ہے کہ ابھی تک چاند موصول ہونے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی،لیکن صحافیوں کا اصرار ہے کہ محکمہ اوقاف کا پی آر او خبر دے رہا ہے اور وہی شہادتوں سے متعلق بتارہاہے ،بعد ازاں مفتی منیب پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے گئے ،تاہم اجلاس کے دوران چار مقامات سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں ،جس کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ کل عید ہوگی۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شوال کا چاند پیدا ہوچکا ہے اور اس کی عمر ستائیس گھنٹے ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ چاند پیر کی سہہ پہر چار بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور گردونواح میں موسم ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں ۔
دوسری جانب بھارت میں عید کا چاند نظر نہیں آیا ہے اوروہاں پر عید جمعرات کو ہوگی،تاہم مصر ،ترکی اور جرمنی میں آج عید منائی گئی ہے جبکہ سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں کل عید منائی جائیگی۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔