ملک بھر ميں عيد الفطر مذہبی جوش خروش سے منائی جارہی ہے
فائل فوٹوملک بھر ميں عيد الفطر مذہبی جوش خروش سے منائی جارہی ہے، نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے۔
ملک میں عید الفطر پر چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے، اسلام آباد میں عید الفطرکا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا۔جہاں صدرمملکت ممنون حسین سمیت دیگراعلی حکام اورغیرملکی سفارت کاروں نے نمازعید ادا کی ۔
راولپنڈی میں سب سے بڑا اجتماع راجہ بازارکی جامع مسجد میں ہوا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔شہریوں نے نمازعید کی ادائیگی کے بعد ایک دوسرے کو گلے مل کرعید کی مبارکبادیں بھی دیں۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے عیدالفطر فوجی جوانوں کےساتھ وزیرستان میں منائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف علی الصبح ہیلی کاپٹر کے ذریعے وزیرستان پہنچے، جہاں وہ اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں سے ملے اور ان کے ہمراہ عید منائی۔
کراچی میں بھی عید کے چھوٹے بڑے کئی اجتماعات ہوئے، سب سے بڑا اجتماع عید پولو گراؤنڈ میں ہوا جہاں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان،اور دیگر حکام نے نماز ادا کی۔ اجتماع میں کراچی کے قیام امن کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی۔
نماز کے بعد گورنر سندھ شہریوں سے گلے ملے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گیے تھے ۔
وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے لاڑکانہ میں نماز عید ادا کی۔
آزاد کشمیر میں عید الفطرمذہبی جوش وخروش سے منائی جارہی ہے،نمازعید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے نمازعید چک سواری میں ادا کی۔ اس موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ عید کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی اور کمشیرکی تحریک آزادی کی تکمیل کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔