محکمہ موسمیات کی آج کراچی میں تیز بارش کی پیشگوئی

شائع 13 جولائ 2016 05:45am
 پنجاب، بلوچستان اور کشمیر میں بھی بارش کی توقع ہے - فائل فوٹو پنجاب، بلوچستان اور کشمیر میں بھی بارش کی توقع ہے - فائل فوٹو

کراچی:محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں تیز بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ ندی نالوں کی صفائی نہ ہونے سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہوسکتا ہے، پنجاب، بلوچستان اور کشمیر میں بھی بارش کی توقع ہے۔

کراچی میں 2ہفتے قبل بھی بارش ہوئی جس نے شہر کو کیچڑ اور کچرے کا ڈھیر بنا ڈالا تھا۔سندھ حکومت کو بارش کے بعد خیال آیا۔اس نے نالوں کی صفائی کیلئے 47کروڑ روپے جاری کیے۔

پیسے تو جاری ہوئے لیکن صفائی نظر نہ آئی اور اب ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے پھر بارش شروع ہوسکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے کہا کہ بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوچکا ہے۔ریجنل میٹرولوجیکل سینٹر کراچی میں ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا ہے 35یا 40ملی میٹر کے درمیان بارش ہوسکتی ہے، ڈیڑھ سو ملی میٹر والی باتیں افواہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی نے بتایا ہے کہ نالوں کی صفائی ہوچکی ہے تاہم اگر ایسا نہیں ہوا تو سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی سندھ اور بلوچستان سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے اور یہ سلسلہ چند روز جاری رہے گا۔