وزیراعظم کابھارتی بربریت کیخلاف19 جولائی کویوم سیاہ منانےکااعلان

شائع 15 جولائ 2016 10:55am
کشمیر کی صورتحال پر پارلیمینٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلایا جائے گا - فائل فوٹو کشمیر کی صورتحال پر پارلیمینٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلایا جائے گا - فائل فوٹو

لاہور:وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور نہتے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے 19 جولائی کو ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمینٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلایا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے گورنر ہاؤس لاہور میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو جبر سے دبایا نہیں جا سکتا۔ بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور بربریت سے آزادی کشمیر تحریک کو مزید تقویت ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ برہان ربانی آزادی کا سپاہی تھا جس کی شہادت نے بہادر کشمیری نوجوانوں کو ایک نیا حوصلہ اور ولولہ دیا ہے۔ حکومت پاکستان اور پوری قوم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی ، سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

 وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام ادارے کشمیریوں پر بھارتی ظلم کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔ کابینہ کے اجلاس میں معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

کابینہ نے پیرس میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پاکستان دنیا کے ساتھ کھڑا ہے۔