آصف زرداری سے اسحاق ڈار کی ممکنہ ملاقات خوش آئند قرار

شائع 23 جولائ 2016 04:32pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

سیالکوٹ :وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری ملک کے صدر رہ چکے ہیں اور پیپلز پارٹی وفاقی سیاسی جماعت ہے۔ اگر اسحاق ڈار کا ان سے رابطہ یا ملاقات ہوتی ہے تو اچھی بات ہے۔

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک ٹرمینل کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی مشکلات کے حل کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ صوبائی حکومت کی قیادت سے بات کرنا اچھی بات ہے۔

وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال،مقبوضہ کشمیر میں حالات اور افغانستان کے ساتھ حالات پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دوہزار تیرہ کے بعد چار انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ نواز شریف کو عوام کی حمایت حاصل ہے۔ دوہزار اٹھارہ سے قبل نواز شریف عوام سے کئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا تھا کہ مخالفین کا کام مخالفت کرنا اور ہمارا کام عوام کی خدمت کرنا ہے۔