کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی وزیرخارجہ نہیں کرسکتیں،سرتاج عزیز

شائع 24 جولائ 2016 04:40pm
sartaj فائل فوٹو

اسلام آباد:مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی وزیر خارجہ نے نہیں کشمیری عوام نے کرنا ہے، برہان وانی کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، وقت آگیا ہے کہ بھارت کشمیر میں استصواب رائے کرائے۔

بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کے بیان پرمشیرخارجہ سرتاج عزیز نے اپنے رد عمل میں کہا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی وزیرخارجہ نہیں کرسکتیں، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیری عوام کرسکتے ہیں،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے۔

 مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ برہان وانی کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ وقت آگیا ہے کہ بھارت کشمیر میں استصواب رائے کرائے۔

سرتاج عزیزنے  کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پندرہ روز سے کرفیو جاری ہے، کشمیریوں کو ان کا حق ارادیت  دینے کا فیصلہ اقوام متحدہ نے کر رکھا ہے، کشمیریوں کے فیصلہ کو پوری دنیا تسلیم کرے گی۔