سندھ :رینجرز اختیارات کا معاملہ پھر طول پکڑ گیا

شائع 25 جولائ 2016 05:47pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

کراچی :وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی اور سیاسی ہلچل میں رینجرز اختیارات کا معاملہ ایک بار پھر طول پکڑتا دکھائی دے رہا ہے۔  ذرائع کے مطابق اس حوالے سے فیصلہ اب نئے وزیراعلیٰ کریں کریں گے۔ تب تک رینجرز کس حیثیت سے جرائم کیخلاف کارروائی کی مجاز ہوگی۔ اس کا تعین اب تک نہیں کیا جاسکا ہے۔

دبئی میں ہونے والے اجلاس میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا فیصلہ تو کرلیا گیا لیکن تاحال نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جسکا۔فیصلے کے مطابق پیپلز پارٹی رینجرز کو سندھ میں کارروائی کرنے کی اجازت دینے کے لیے تیار نہیں اور رینجرز کو صرف کراچی میں پہلے سے حاصل اختیارات ہی میں توسیع کی جائے گی۔

حکومت نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری گورنر کو بھیج دی ہے۔جس سے ایک بات تو طے ہوگئی ہے کہ رینجرز اختیارات کا معاملہ اب جمعہ تک مؤخر ہوگیا ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اُس وقت تک رینجرز کس قانون کے تحت کارروائیاں کریں گے؟ادھر رینجرز نے کارروائیاں تیز کردی ہیں۔کراچی کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندیاں اور تلاشی کا سلسلہ بھی تیز کردیا ہے۔