وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی آصف زرداری سے ملاقات

اپ ڈیٹ 01 اگست 2016 10:30am
فائل فوٹو نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی/ فائل فوٹو

دبئی:نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی اور صوبے کی صورتحال سےآگاہ کیا،سابق صدر نے رینجرز اختیارات کا نوٹی فکیشن فوری طور پر جاری کرنے اور کابینہ کے دوسرے مرحلے کو مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دبئی میں آصف علی زرداری سے طویل ملاقات کی جو 5گھنٹے تک جاری رہی،ملاقات میں سندھ کابینہ کے دوسرے مرحلے کی تشکیل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 مراد علی شاہ نے آصف علی زرداری کو اپنی آئندہ کی ترجیحات سے آگاہ کیا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ رینجرز کے اختیارات کوئی بڑا ایشونہیں ہے،رینجرز اختیارات کو میڈیا نے ایشو بنایا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ سندھ سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا،وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کریں گےاور ان کوششوں کے ذریعے پارٹی کو بھی مضبوط کریں گے۔

آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ رینجرز اختیارات اور ان کے قیام کی مدت کا معاملہ ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائےاور فوراً ہی اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا جائے۔

ذرائع کے مطابق ،مراد علی شاہ کے کراچی پہنچتے ہی رینجرز اختیارات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جائےگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کراچی آتے ہی پہلے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے،جس کے بعد سندھ کابینہ کا دوسرا مرحلہ تشکیل دیا جائے گا۔