کوئٹہ سول اسپتال دھماکا،بلوچستان میں دوسرے روز بھی سوگ کی فضاء
کوئٹہ کے کاروباری مراکزاور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں - فائل فوٹوکوئٹہ :کوئٹہ سول اسپتال دھماکے کے بعد بلوچستان میں دوسرے روز بھی سوگ کی فضاء ہے ۔ کوئٹہ کے تمام بڑے اور چھوٹے کاروباری مراکز میں شٹر ڈاؤن ہے جبکہ تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔
بلوچستان میں دہشت گردی کے اندوہناک سانحے کے بعد آج بھی سوگ کی فضا ءبرقرار ہے،دھماکے میں بچھڑنے والوں کے اہلخانہ اپنے پیاروں کی جدائی پر غم میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
کوئٹہ شہر کے تمام چھوٹے اور بڑے تجارتی مراکز بند ہیں،اہم شاہراؤں سے ٹریفک غائب ہے جبکہ رہائشی علاقوں کی سڑکوں پر بھی سناٹا ہے۔
وکلاء بھی اپنے ساتھی قانون دانوں کے بچھڑنے پر غمگین ہیں،سانحے کے خلاف عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے، وکلاء نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
کوئٹہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے دھماکے کے جاں بحق وکلاء، صحافیوں اور عام شہریوں کے بلند درجات کے لیے دعائیہ تقریبات اور تعزیتی ریفرنسز منعقد کئے جارہے ہیں۔
دوسری جانب دھماکے میں زخمی ہونے والے مزید 15مریضوں کو کراچی منتقل کردیا گیا ہے،جس کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی تعداد 42ہوگئی ہے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔