کوئٹہ دھماکےمیں”را“کاملوث ہوناخارج از امکان نہیں،دفتر خارجہ

شائع 11 اگست 2016 10:35am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:دفترخارجہ نے بھی کوئٹہ دھماکےمیں بھارتی خفیہ ادارے ”را“کے ملوث ہونے کو خارج از امکان قرار دینے سے انکار کردیا،ترجمان دفترخارجہ  کہتے ہیں بلوچستان بد امنی میں ”را“ملوث رہی ہے اور اس کا گرفتار افسرکلبھوشن یادو اعترافی بیان دے چکا ہے ۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوزبریفنگ میں سانحہ کوئٹہ کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کروائی۔

 انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بدامنی میں را ملوث ہے، کلبھوشن یادو کے اعترافی بیانات کے بعد کوئٹہ دھماکے میں ”را“کا ملوث ہونا خارج ازامکان نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا جاری سلسلہ باعث تشویش ہے،  او آئی سی، یواین سیکرٹری جنرل، امریکی محکمہ خارجہ اور دیگر عالمی ادارے بھی اس پر گہری تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے پاکستانی مشن بھرپور کوشاں ہیں، سعودی حکومت نے بھی قابل قدر تعاون کیا۔

 انہوں نے بتایاکہ افغانستان میں کریش لینڈنگ کرنے والے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے عملے کی بحفاظت بازیابی کیلئے افغان حکام ، مقامی عمائدین سے رابطےمیں ہیں۔