نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کے لئے ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ
فائل فوٹواسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں سول اور عسکری قیادت نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اسلام آباد میں آج دوسرے دن بھی وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، وفاقی وزراء ، آرمی چیف ، انٹیلی جنس سربراہان اورمشیروں نے شرکت کی ۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے ملک بھر سے دہشت گردوں اورشدت پسندوں کا صفایا کردینے کا عزم دہرایا گیا۔
فیصلہ ہوا کہ ملکی مفادات اورسلامتی کویقینی بنانے میں خفیہ ادارے اہم کردار ادا کررہے ہیں، ان اداروں کو قومی فریضہ انجام دینے میں تعاون کیلئے تمام وسائل فراہم کیئے جاتے رہیں گے، مکمل امن کی بحالی حکومت اور تمام ریاستی اداروں کی اولین ترجیح رہے گی۔
اجلاس میں علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا سٹریٹجک جائزہ لیتے ہوئے پاکستان دشمن خفیہ اداروں کی سازشوں کا بھی اندازہ لگایا گیا، دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے کوششوں کو وسعت دینے اور مزید موثر مربوط تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس نے فیصلہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے جائزہ کی خاطر وفاقی اور صوبائی محکموں کے سینئر عہدے داروں پر مشتمل اعلی سطح کی ٹاسک فورس بنائی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، پلان کے تحت متعین وقت میں نتیجہ خیز ایکشن ہونے چاہئیں، ان تمام کوششوں کا مقصد ملک سے دہشت گردی کا مکمل صفایا ہے ۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔