پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی دوسری بارطلبی
فائل فوٹونئی دہلی:بھارت نے اڑی حملے کے بعد پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو دوسری بار طلب کیا ۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ جے شنکر نے اڑی حملے سے متعلق شواہد پاکستانی ہائی کمشنر کو دیئے تاہم عبدالباسط نے ایک بار پھر حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے ٹوئٹر پیغامات میں بتایا کہ سیکرٹری خارجہ جے شنکر نے اڑی حملہ کے تناظر میں دہشتگردوں کے بھارت کے اندر گھسنے میں مدد دینے والوں کے ثبوت عبد الباسط کے حوالے کیے۔
بھارتی دعوے کے مطابق دہشتگردوں کو مدد دینے والے دو گائیڈز کو مقامی لوگوں نے پکڑ کر حکام کے حوالے کیا۔
بھارت نے الزام عائد کیا کہ پکڑے جانے والوں میں مظفرآباد کے رہائشی 20 سالہ فاضل حسین اعوان اور 19 سالہ یاسین خورشید شامل ہیں۔
جے شنکر نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ابتدائی تحقیقات میں ایک حملہ آور کی شناخت حافظ احمد کے نام سے ہوئی جو مظفر آباد کا رہائشی ہے جبکہ دہشتگردوں کو کنٹرول کرنے والوں میں محمد کبیر اعوان اور بشارت کی تفصیلات بھی حاصل ہوئی ہیں۔
تاہم پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے بھارتی سیکریٹری خارجہ کے تمام دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔عبد الباسط نے واضح کیا کہ پاکستان کسی طور پر بھی اڑی حملے میں ملوث نہیں۔













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔