ہائیکورٹ نے اسلام آباد بند نہ کرنے کا حکم جاری کردیا

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2016 07:53am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف دونوں کو اسلام آباد بند نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔جس کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ وہ کسی کی نہیں سنتی۔

انھوں نے پی ٹی آئی کے وکیل سے پوچھا کہ کیا آپ شہر بند کریں گے یا پُرامن احتجاج؟ عدالت کا حکم مانیں گے یا نہیں؟

وکیل نے کہا کہ عدالت کا حکم مانیں گے، جس پر جسٹس شوکت صدیقی نے ضلعی انتظامیہ کو دارالحکومت بند کرنے سے روکنے کا حکم دے دیا۔

عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ججز اورعدالت کی کردارکشی کی ہے، عدالت نے گرفتار افراد کی فہرست اکتیس اکتوبرکو طلب کر لی ہے۔

ادھر عمران خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد میں کنٹینرز اور رکاوٹیں لگائی جارہی ہیں، کیا قانون صرف ہمارے لئے ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پر حملہ مسلم لیگ ن نے کیا تھا اصل میں تو یہ حکمراں جماعت ہی ہے جو قانون توڑتی ہے۔