چوہدری نثار کی عمران خان کو مہذب بننے کی اپیل
فائل فوٹواسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے تحریک انصاف کے دو نومبر دھرنے کو اسلام آباد میں وفاقی حکومت کے دفاتر پاک سیکریٹریٹ پر قبضہ کی سازش قرار دے دیا ہے۔
وزیرداخلہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ایک مشترکہ دوست کے ذریعے کپتان کو افہام و تفہیم کا پیغام بھیجا لیکن جواب لاک ڈاؤن کرنے کا آیا ۔ ہم ایٹمی ملک ہیں، دارالحکومت بند ہونا ناقابل تصور ہے، اب میں بھی انہیں شہری حقوق، ریاستی امور یقینی بنانےکی ذمہ داری نبھا کر دکھاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ریڈ لائنز بتادی ہیں۔ پولیس کا جذبہ بلند ہے، سیاسی حقوق کو یقینی بنائیں گے لیکن جرم کو ہونے سے پہلے روکنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ دھرنا پاک سیکریٹریٹ پر قبضہ کیلئے دیا جارہا ہے۔
وزیرداخلہ نے کہاکہ پختونوں کا نام لینے والی پی ٹی آئی کو وہاں صرف 19 فیصد ووٹ ملے۔ صوبائیت کی نفرت کے بیج نہیں بونے چاہیئں، پختونخوا اور پنجاب کے راستے حملہ آور مسلح جتھوں کی وجہ سے روکے گئے جنہیں کھول دیا ہے۔
چوہدری نثار نے عمران خان کو مہذب بننے کی اپیل بھی کی اور کہاکہ دھرنے پر باقی باتیں ایک دن بعد کریں گے جب پیر کو متعلقہ مقدمات پر اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹس کے کچھ فیصلے آئیں گے۔











اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔