پنجاب:مختلف اضلاع میں دھند اوراسموگ کاسلسلہ جاری

شائع 05 نومبر 2016 08:16am
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور:لاہورسمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند اوراسموگ کاسلسلہ جاری ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں دھند کا سلسلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہر گذشتہ4 روز سے دھند اور  اسموگ کی لپیٹ میں ہیں۔آج صبح دھند کی شدت میں اضافہ ہونے پر موٹروے ایم 2 کو لاہور سے سیال موڑ،ایم 3 کو پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور ایم 4 کو فیصل آباد سے گوجرہ تک ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔

جبکہ جی ٹی روڈ پر بھی لاہور سے گجرات تک حد نگاہ 10سے 100 میٹر تک ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

گوجرانوالہ،شیخوپورہ،فیصل آباد،خانیوال،چنیوٹ اور دیگر اضلاع میں بھی صبح کے اوقات میں شدید دھند دکھائی دی۔

دس بجے کے بعد سورج نے آنکھیں دکھائیں تو دھند کی شدت میں کمی واقع ہوئی تو موٹرویز اور نیشنل ہائی ویز پر ٹریفک سروس بحال کر دی گئی۔محکمہ موسمیات کےمطابق پنجاب میں دھند اورا سموگ کا سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہنے کاامکان ہے۔