زبان پر مرچیں اور جلن کو فوراً ختم کرنے کا آسان طریقہ

شائع 16 مارچ 2018 06:44am

Untitled-1

مرچوں بھرے مصالحوں میں کیپسیسن نامی مرکب موجود ہوتا ہے۔ جب یہ ذائقہ محسوس کرنے والے مساموں میں جاتا ہے، تو وہاں موجود حدت محسوس کرنے والے پروٹین سے مل جاتا ہے۔ اس سے زبان پر شدید جلن اور مرچوں کا احساس ہوتا ہے۔

عام طور پر مرچوں اور جلن کا احساس ختم کرنے کیلئے لوگ پانی استعمال کرتے ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق ایسا کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کیپسیسن کی ساخت چکنی ہوتی ہے۔ یہ چکنائی پانی میں حل نہیں ہوتی اس لیے پانی منہ سے اس کا اثر ختم کرنے سے قاصر ہے۔

لیکن مرچیں کھانے  کے بعد کیا کرنا چاہیئے کہ منہ سے جلن کا احساس ختم ہوجائے۔ ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ پانی نہیں بلکہ برف اس مسئلے کا حل ہو سکتی ہے۔ برف کی ٹھنڈک زبان کی حس کو سن کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈبل روٹی بہتر انتخاب ہے۔ ڈبل روٹی منہ میں موجود نمی کو جذب کرتی ہے۔ اور حدت محسوس کرنے والی حس سے کیپسیسن کو نکالنے میں مدد دیتی ہے۔

البتہ منہ سے مرچیں ختم کرنے کیلئے دودھ سے بنی چیزوں کا استعمال بہترین ثابت ہوتا ہے۔ دودھ میں موجود کیسین نامی پروٹین کیپسیسن سے جڑ کر اسے کھینچ کر پیٹ میں لے جاتا ہے۔ اور منہ کی جلن ختم کردیتا ہے۔ بہترین نتائج کیلئے خالص دودھ یا دہی استعمال کرنا چاہیئے۔ اسکے علاوہ آئس کریم بھی کھائی جاسکتی ہے۔ خالص دودھ کی چکنائی ذیادہ تیزی سے کیپسیسن سے جڑ کر اسے منہ سے ختم کر دیتی ہے۔

بشکریہ Men's Health