کترینہ سے تنازعہ: عالیہ بھٹ نے بالآخر خاموشی توڑ دی

شائع 16 اگست 2018 05:49am

11

بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے اداکارہ کترینہ کیف سے تنازعات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ کترینہ سے کسی بھی قسم کا کوئی ذہنی دباؤ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے فلم 'برہماستر' کے ساتھی اداکاروں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے درمیان ڈیٹنگ کی خبریں میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ انہی بڑھتی قربتوں کی وجہ سے عالیہ بھٹ اور کترینہ کی دوستی بھی متاثر ہوئی ہے اور اب ان کی دوستی ختم ہوچکی ہے۔

کترینہ کیف نے رنبیر کپور کے ہمراہ 'عجب پریم کی غضب کہانی، راجنیتی اور جگا جاسوس' میں ایک ساتھ کام کیا ہے اور مختلف رپورٹس کے مطابق یہ دونوں اداکار سنہ 2008 سے 2016 کے درمیان ڈیٹنگ بھی کرتے رہے ہیں۔

ایک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا کہ کترینہ اور عالیہ کے درمیان تنازعہ اس حد تک بڑھ گیا ہے کہ کترینہ نے عالیہ بھٹ کی انسٹاگرام پوسٹس کو لائک کرنا چھوڑ دیا ہے۔

اس تمام تر صورتحال کے بعد عالیہ بھٹ کو بالآخر معاملے کی وضاحت کے لئے میدان میں آنا ہی پڑا، تنازعے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ہی کترینہ کو پسند کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا تصاویر کو لائک کرنا ہی دوستی کی پیمائش کا آلہ ہے تو میں کترینہ سے کہوں گی کہ ہمیں ایک دوسرے کی تصاویر کو ضرور لائک کرنا چاہیئے۔

یاد رہے عالیہ بھٹ اپنی آنے والی فلموں 'کلنک، گلی بوائے اور تخت' میں دکھائی دیں گی۔