ملک کے بالائی اورمیدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان
فائل فوٹولاہور،پشاور ،کوئٹہ:محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکا ن ظاہر کیا ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں سردی اور دھند کا راج جاری ہے، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
استور، بلتستان،ھنزہ اور غذر کی وادیوں کا حسن مزید نکھر گیا،ہر طرف برف ہی برف ہے، سفید چادر میں لپٹی وادی کے حسین نظاروں سے سیاح خوب لطف اندوز ہونے لگے، بچے بھی کسی سے پیچھے نہیں۔
بالائی علاقوں میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران اسلام آباد سمیت بلوچستان، بالائی خیبر پختو نخوا ، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند چھاۓ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو کا درجہ حرارت منفی 10، استور، پارا چنار منفی 5 اور کالام میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب بھر میں شدید سرد موسم، دھند سے نظام زندگی متاثر
لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید سرد موسم چھایا ہے، دن بھر آسمان پر بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے،دھند نے بھی نظام زندگی کو متاثر کر رکھا ہے۔
لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، صبح اور رات کے اوقات میں دھند نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔
دھند کے باعث بند کی گئی موٹروے کو بہتر حدنگاہ پر کھول دیا گیا، دھند نے ٹرینوں کی آمدورفت اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر کررکھا ہے۔
سیالکوٹ، حافظ آباد، فیصل آباد، پتوکی، اوکاڑہ اور بہاولپور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی شدید سردی اور دھند کا راج برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں شدیدسردی کی لہر برقرار
خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں شدیدسردی کی لہر برقرار ہے،پشاور،سوات،نوشہرہ،بنوں اوردیگرکئی اضلاع میں آسمان پربادل چھائےہوئے ہیں،مالم جبہ میں درجہ حرارت منفی3ڈگری سینٹی گریڈتک جاگرا۔
دیربالا میں نئے سال کی پہلی برفباری ہوئی ،کمراٹ،عشیری درہ،لواری ٹاپ میں سفیدی چھاگئی اور برفباری سے علاقے کا حسن نکھرآیا۔
محکمہ موسمیات نےمیدانی علاقوں میں آئندہ24گھنٹوں میں بارش اورپہاڑوں پربرفباری کاامکان ظاہرکیاہے۔
بلوچستان میں موسم سرما کی پہلی برفباری نےوادی کو حسن بنادیا
بلوچستان میں بھی سردی نے ڈیرے ڈال لئے،کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری نےوادی کو حسن بنادیا۔
کوئٹہ میں برفباری کے ساتھ ہی درجہ حرارت منفی دو ڈگری تک پہنچ گیا،زیارت اور قلات سمیت مختلف علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،زیارت میں منفی نو اور قلات میں منفی 4ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کے باوجود گیس پریشر میں کمی نے عوام کی زندگیاں مزید مشکل بنادیں۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔