لاہوردھماکہ:جاں بحق افراد کی تعداد 68ہوگئی
لاہور:لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے بم دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد اڑسٹھ ہوگئی ہے جبکہ تین سو پندرہ کے قریب زخمی بھی ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خود کش بتایا جاتا ہے، پولیس، رینجرز اور فوج جائے وقوع پر موجود ہیں، متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے فیملی پارک میں تفریح کیلئے آنے والوں کا ہجوم موجود تھا،پارک میں خواتین اور اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی، لوگ اپنے اہل خانہ کے ساتھ انجوائے کر رہے تھے کہ اچانک زور دار دھماکا ہوگیا،دھماکے کے بعد فضا زخمیوں کی چیخ و پکار سے بوجھل ہوگئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ خوف کے باعث بھگدڑ مچ گئی، بیشتر افراد نیچے گر پڑے اور پیروں تلے روندے گئے۔ابتدا میں افراتفری مچی لیکن پھر پارک میں موجود افراد نے حواس پر قابو پایا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، پولیس اور امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خود کش تھا، جو پارک کے گیٹ نمبر ایک پر کینٹین کے قریب ہوا،شدید زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔
اسپتال میں زخمیوں کیلئے بستر کم پڑگئے، زخمیوں کو زمین پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی، ہر کوئی اپنے پیاروں کو تلاش کرتا دکھائی دیا،دھماکے میں زخمی کئی افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔