چوہدری نثارکیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج

شائع 29 مارچ 2016 08:20am

nisal-ali-khan000000000000

اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے رجسٹرارآفس کے اعتراضات کے ساتھ شہری شاہد اورکزئی کی وزیرداخلہ کیخلاف درخواست پرسماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزارنے کہا کہ وزیرداخلہ کی ہدایات پرسنگین غداری کیس کے ملزم پرویزمشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا، وزیرداخلہ نے اپنے بیان میں پرویزمشرف کے بیرون ملک جانے کی ذمہ داری سپریم کورٹ پرڈال دی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ پرویزمشرف کو انٹرپول کے ذریعے واپس لایا جائے گا،وزیر داخلہ کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دیئے گئے بیانات ریکارڈ پرموجود ہیں۔

جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ میں زیربحث آنے والے معاملات کوعدالت میں ڈسکس نہیں کیا جا سکتا، درخواست گزار نے کہا کہ رجسٹرارآفس کا یہ اعتراض غلط ہے کہ اس درخواست کیلئے ہائی کورٹ درست فورم نہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ اس سے قبل بھی غداری کے مقدمہ سے متعلق مختلف درخواستیں سن کرفیصلے دے چکی ہے، عدالت عالیہ نے رجسٹرارآفس کے اعتراضات برقراررکھتے ہوئے درخواست خارج کردی۔